Book Name:Jame Ul Ahadees Jild 1

نام ونسب :۔محمد ۔کنیت ،ابو عبداللہ ۔عرف ،ابن ماجہ ۔اور والد کا نام یزید ہے ،سلسلہ نسب

یوں بیان کیاجاتاہے ۔ ابو عبداللہ محمدبن یزید بن عبداللہ الربعی القزوینی ۔

       ماجہ کے بارے میں اختلاف ہے ۔بعض کہتے ہیں کہ یہ آپکی والدہ ماجدہ کانام تھا ،

علامہ زبیدی نے تاج العروس میں اسکو بعض علماء کا  قول بتایا ہے ۔

       لیکن صحیح بات یہ ہے کہ ماجہ آپکے والد یزید کا لقب ہے اور یہ ہی اکثر علماء اور قزوین  کے

مؤرخین کا مختار ہے ۔غالباً یہ ماہیچہ کا معرب ہے ۔

 ولادت وتعلیم ۔قزوین عراق عجم کا مشہور شہر ہے ، یہ ہی آپ کا مولد ومسکن ہے ،آپ کی

ولادت ۲۰۹ھ میں ہوئی ۔ بچپن کا زمانہ علوم وفنون کے لئے باغ وبہار کا زمانہ تھا ،اس وقت بنو

عباس کا آفتاب اقبال نصف النھار پر تھا ۔مامون رشید اس دور میں سر یر آرائے سلطنت تھا ۔

         عام دستور کے مطابق  آپ نے ابتدائی تعلیم کی تکمیل کی ،اسکے بعد محدثین کی درسگاہوں کی طرف رخ کیا تاکہ علم حدیث حاصل کریں ۔قزوین میں اس وقت جلیل القدر

محدثین موجود تھے ۔مثلا

       ابوالحسن علی بن محمدطنافسی                           متوفی ۲۳۳

       ابومجر عمروبن رافع بجلی                        متوفی ۲۳۷

       ابو سلیمان اسمعیل بن توبہ قزوینی                متوفی ۲۴۷

       ابوموسی ہارون بن موسی بن حبان تمیمی                  متوفی ۲۴۸

       ابوبکر محمد بن ابی خالد یزید قزوینی طبری وغیرھم

        آپ نے پہلے ان حضرات  سے  حدیث کا بڑا ذخیرہ حاصل کیا اور پھر تکمیل فن کیلئے خراسان ،عراق ،حجاز ،مصراورشام کے متعددشہروں کا سفر کیا ۔بالخصوص مکہ مکرمہ ،مدینہ طیبہ ،بصرہ اور بغداد کے محدثین وفقہاء سے اکتساب علم کیا ۔ انکے علاوہ طہران ،اصفہان ،رہواز ،رملہ ،بلخ ، بیت المقدس ،حران ،دمشق فلسطین ،عسقلان ،مرو اور نیشاپورکا نام بھی خاص طور پر ذکر کیا جاتا

ہے ۔

 



Total Pages: 604

Go To