Book Name:Rehnuma e Mudarriseen
ترتیب : اس سبق میں دیئے گئے قوا عِد کی ترکیب کے مطابق ’’الف‘‘ ، ’’لام‘‘ اور’’ را‘‘ کی تَفْخِیْم اور ترقیق کی مختلف مثالیں دی گئی ہیں تاکہ مدنی منّے قواعِد کی پہچان اور ادائیگی پُختہ کرسکیں ۔
اس سبق میں مُدَرِّس مدنی منّے کو سمجھائے کہ تَفْخِیْم کے معنیٰ حَرْف کو ۔ پرُ ، یعنی موٹا پڑھنا اور تَرْقِیق کے معنی حَرْف کو باریک پڑھنا ہے ۔ تین حُرُوف’’ الف ، لام ، را ‘‘کبھی پرُ یعنی موٹے اور کبھی باریک پڑھے جاتے ہیں ۔
الف اور لام کی تفخیم اور ترقیق :
الف سے پہلے اگر پرُ حَرْف آجائے تو الف کو پرُ اور باریک حَرْف آجائے تو الف کو باریک پڑھیں گے ۔ اسمِ جلالت (اللہ ) کے لام سے پہلے حَرْف پر زبر یاپیش ہو تو اسمِ جلالت (اللہ ) کے لام کو پرُ پڑھیں اور اگر اسمِ جلالت (اللہ ) کے لام سے پہلے حَرْف کے نیچے زیر ہو تو اسمِ جلالت (اللہ ) کے لام کو باریک پڑھیں گے ۔ مدنی منّے کو الف، لام، کے پرُ اور باریک پڑھنے کے قوا عِد یاد کرواکر اچھی طرح پہچان کروائیے ۔ ( مدنی التجا : ہمیشہ یوں پڑھایئے : ’’اسمِ جلالت اللہ کالام‘‘ ۔ اس طرح بالکل نہ کہیے : ’’ اللہ کالام‘‘ )
’’را ‘‘ کی تَفْخِیْم اور تَرْقِیْق :
مُدَرِّس کو چاہیے کہ مدنی منّے کو اس سبق میں ’ ’را ‘‘ کی تَفْخِیْم و تَرْقِیْق سے متعلق قواعِد یاد کروا کے خوب اچھی طرح پہچان پُختہ کروائے ۔ ’ ’را ‘‘ کے قواعِدکو مندرجہ ذیل ترتیب سے یاد کروائیے :
(۱)… ’ ’را ‘‘ پر زبر یا پیش ہو (۲) … ’ ’را ‘‘ پر دو زبر یا دو پیش ہوں (۳) … ’ ’را ‘‘ پر کھڑا زبریا اُلٹا پیش ہو (۴)… ’ ’را ‘‘ ساکِن سے پہلے حَرْف پر زبر یا پیش ہو (۵)… ’ ’را ‘‘ ساکِن سے پہلے زیر اصلی دوسرے کلمے میں ہو (۶)… ’ ’را ‘‘ ساکِن سے پہلے عارضی زیر ہو یا(۷) … ’ ’را ‘‘ ساکِن کے بعد حُرُوف مُسْتَعْلِیہ میں سے کوئی حَرْف اُسی کلمے میں ہو تو ’ ’را ‘‘ کو پُر پڑھیں گے ۔