Book Name:Miraat-ul-Manajeeh Sharah Mishkaat-ul-Masabeeh jild 2

باب السجود و فضلہ

سجدے اوراس کی بزرگی کا باب  ۱؎

الفصل الاول

پہلی فصل

۱؎ سجدہ لغت میں زمین پر سر رکھنے،عاجزی کرنے،سرجھکانےکو کہتے ہیں۔شریعت میں سات اعضاء کا زمین پر لگاناعبادت یا اطاعت کی نیت سےسجدہ کہلاتاہے۔سجدہ تین قسم کا ہے:سجدۂ عبادت جو اﷲکو ہوتاہے،سجدۂ تعظیم جو فرشتوں نے حضرت آدم علیہ السلام کو کیا،سجدۂ تحیۃ جو یعقوب علیہ السلام نے یوسف علیہ السلام کو کیا۔سجدۂ عبادت غیرخدا کو شرک ہے،آخری دو سجدے اسلام میں حرام ہیں۔اس کی پوری بحث ہماری"تفسیرنعیمی"خورد میں دیکھو۔خیال رہے کہ صرف سجدہ بھی عبادت ہے مگرصرف رکوع اور قیام عبادت نہیں بلکہ یہ نماز میں عبادت ہے۔(مرقات)

887 -[1] (مُتَّفق عَلَيْهِ)

عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «أُمِرْتُ أَنْ أَسْجُدَ عَلَى سَبْعَةِ أَعْظُمٍ عَلَى الْجَبْهَةِ وَالْيَدَيْنِ وَالرُّكْبَتَيْنِ وَأَطْرَافِ الْقَدَمَيْنِ وَلَا نَكْفِتَ الثِّيَاب وَلَا الشّعْر»

روایت ہےحضرت ابن عباس سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲصلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ کو حکم دیا گیا کہ سات ہڈیوں پرسجدہ کروں پیشانی،دو ہاتھ،دو گھٹنے،قدموں کے کنارے ۱؎ اور یہ کہ کپڑے اور بال جمع نہ کریں ۲؎(مسلم،بخاری)

۱؎ اگرچہ سجدےمیں ناک بھی لگائی جاتی ہے مگر پیشانی اصل ہے اور ناک اس کی تابع اس لیے ناک کا ذکر نہ فرمایا۔ہاتھوں سے مراد ہتھیلیاں ہیں اور قدم کے کناروں سے مراد پورے پنجے ہیں اس طرح کہ دسوں انگلیوں کا سر کعبے کی طرف رہے۔

۲؎ نماز میں کپڑے سمیٹنا،روکنا سب منع ہے،لہذا آستین یا پائنچے چڑھاکریا پائجامہ پرلنگوٹ باندھ کر نماز پڑھنا منع ہے ایسے ہی دھوتی باندھ کر نماز پڑھنا منع کہ ان سب میں کپڑے کا روکنا ہے،ہاں اگر پائجامہ کے نیچےلنگوٹ بندھا ہو اوپر پائجامہ یا تہبند ہوتو منع نہیں کیونکہ اس میں کپڑے کا روکنا نہیں۔خیال رہے کہ سجدے میں قدم اور پیشانی زمین پر لگنا فرض ہے لیکن ہاتھ اورگھٹنوں کا لگنا سنت،امام صاحب کے نزدیک صرف پیشانی پر بغیر ناک لگے سجدہ جائز ہے،یہ حدیث امام صاحب کی دلیل ہے۔

888 -[2] (مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ)

وَعَنْ أَنَسٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «اعْتَدِلُوا فِي السُّجُودِ وَلَا يَبْسُطْ أَحَدُكُمْ ذِرَاعَيْهِ انْبِسَاطَ الْكَلْبِ»

روایت ہے حضرت انس سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ سجدے میں برابر رہو ۱؎ اور تم میں سے کوئی اپنی کہنیاں نہ بچھاوے کتے کے بچھانے کی طرح ۲؎(مسلم،بخاری)

۱؎ یعنی اطمینان سے سجدہ کرو(اشعۃ اللمعات)یا سجدے کا ہرعضو اپنے مقام پر رکھو۔(مرقات)

۲؎یعنی سجدے میں صرف ہتھیلیاں زمین پر لگیں۔کلائی،کہنی وغیرہ سب اٹھی رہیں،یہی سنت ہے،کہنیاں بچھانا مکروہ۔

889 -[3]

وَعَنِ الْبَرَاءِ بْنِ عَازِبٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:إِذَا سَجَدْتَ فضع كفيك وارفع مرفقيك رَوَاهُ مُسلم

روایت ہے حضرت براء بن عازب سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ جب تم سجدہ کرو تو اپنی ہتھیلیاں رکھو ۱؎ اور کہنیاں اٹھاؤ ۲؎(مسلم)

 



Total Pages: 519

Go To