Book Name:Miraat-ul-Manajeeh Sharah Mishkaat-ul-Masabeeh jild 2

باب قیام شھر رمضان

ماہ رمضان میں قیام کا باب ۱؎

الفصل الاول

پہلی فصل

۱؎ یعنی تراویح  کا باب اس میں پندرھویں شعبان کی عبادت کا ذکر بھی ہوگا۔خیال رہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے تراویح پڑھی بھی ہیں اور اس کا حکم بھی دیا ہے مگر تعداد رکعات کے متعلق کوئی یقینی روایت نہ مل سکی،اس لیئے کہا جائے گا کہ اصل تراویح سنت رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم ہے اور بیس رکعت پڑھنا،ہمیشہ پڑھنا،باجماعت پڑھنا سنتِ صحابہ ہے۔اس کی پوری بحث ہماری کتاب"جاءالحق"حصہ دوم میں دیکھو۔اور اس باب میں بھی کچھ عرض کیا جائے گا۔ہم نے بیس تراویح پر ایک مستقل رسالہ"لمعات المصابیح"بھی لکھا ہے۔

1295 -[1] (مُتَّفق عَلَيْهِ)

عَنْ زَيْدِ بْنِ ثَابِتٍ: أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ اتَّخَذَ حُجْرَةً فِي الْمَسْجِدِ مِنْ حَصِيرٍ فَصَلَّى فِيهَا لَيَالِيَ حَتَّى اجْتَمَعَ عَلَيْهِ نَاسٌ ثُمَّ فَقَدُوا صَوْتَهُ لَيْلَةً وَظَنُّوا أَنَّهُ قَدْ نَامَ فَجَعَلَ بَعْضُهُمْ يَتَنَحْنَحُ لِيَخْرُجَ إِلَيْهِمْ. فَقَالَ: مَا زَالَ بِكُمُ الَّذِي رَأَيْتُ مِنْ صَنِيعِكُمْ حَتَّى خَشِيتُ أَنْ يُكْتَبَ عَلَيْكُمْ وَلَوْ كُتِبَ عَلَيْكُمْ مَا قُمْتُمْ بِهِ. فَصَلُّوا أَيُّهَا النَّاسُ فِي بُيُوتِكُمْ فَإِنَّ أَفْضَلَ صَلَاةِ الْمَرْء فِي بَيته إِلَّا الصَّلَاة الْمَكْتُوبَة)

روایت ہے زید ابن ثابت سے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد میں چٹائی کا حجرہ بنایا  ۱؎  اس میں چند راتیں نماز پڑھی حتی کہ آپ پر لوگ جمع ہوگئے ۲؎ پھر ایک شب لوگوں نے آپ کی آواز نہ پائی سمجھے کہ آپ سو گئے تو بعض لوگ کھنکارنے لگے تاکہ آپ تشریف لے آئیں۳؎ حضور نے ارشاد فرمایا میں نے جو تمہارا  کام دیکھا وہ تم پر دائمی رہا ۴؎ حتی کہ میں نے یہ خوف کیا کہ تم پر یہ نماز فرض کردی جائے گی اور اگر تم پر فرض کردی جاتی تو تم قائم نہ کرسکتے ۵؎ اے لوگو اپنے گھروں میں نماز پڑھو کیونکہ مرد کی نماز فرائض کے سوا گھر میں بہتر ہے ۶؎ (مسلم،بخاری)

۱؎  ماہ رمضان میں بحالت اعتکاف اس طرح کہ اپنے  اردگرد مسجد کے ایک گوشہ میں چٹائی کھڑی کرلی تاکہ خلوت میں خاص عبادتیں کریں۔اس سے معلوم ہوا کہ معتکف مسجد میں چادر ٹاٹ وغیرہ کا عارضی حجرہ اپنے لیئے بناسکتا ہے مگر اتنا وسیع نہ بنائے کہ نمازیوں پر جگہ تنگ ہوجائے۔(مرقاۃ وغیرہ)

۲؎ حق یہ ہے کہ یہ نماز تراویح تھی اور اس طرح ادا ہوتی تھی کہ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم اس حجرے کے اندر سے امامت فرماتے اور صحابہ اس حجرے کے باہر آپ کی اقتداء کرتے۔بعض علماء فرماتے ہیں کہ یہ نماز تہجد ہی تھی۔وہ کہتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی تراویح پڑھی ہی نہیں،تراویح سنت صحابہ ہے مگر پہلی بات زیادہ قوی ہے۔

۳؎  روش کلام سے معلوم ہورہا ہے کہ گزشتہ راتوں میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے قرأت اورتکبیریں بآواز بلند ادا کیں جس پر صحابہ نے اقتدا کی آج چونکہ آواز نہ تھی لہذا  اقتدا نہ کرسکے۔اس حدیث سے معلوم ہوا کہ صحابہ کرام کبھی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز کے لیئے جگاتے نہ تھے،بے ادبی سمجھتے تھے اور اکیلےحضورصلی اللہ علیہ وسلم کے بغیر پڑھتے بھی نہ تھے کہ اسے محرومی جانتے تھے۔

۴؎ یعنی تمہارا نماز کا شوق اور ہمارے باہرتشریف لانے کی رغبت کا اظہار اور اس کے لیئے کھانسناکھکارنا کافی دیر تک رہا ہم سو نہ رہے تھے سن رہے تھے۔

 



Total Pages: 519

Go To