Book Name:Auliya-e-Kiram Ke Barkatain

سُنَّتیں عام کریں دِین کا ہم کام کریں             نیک ہوجائیں مُسَلمان مدینے والے

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                            صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

تیل ڈالنے اور کنگھی کرنے  کی سنتیں اور آداب

آئیے!شَیْخِ طَرِیْقَت،اَمیرِ اَہلسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے رسالے”163 مَدَنی پھول“سے تیل ڈالنے کی سُنّتیں و آداب سُنتے ہیں:٭حضرت سَیِّدُنا اَنَس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں کہ حُضورِ اَنْوَر،شَافِعِ مَحْشَر صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سَرِ اَقْدَس میں اکثر تیل لگاتے اور داڑھی مبارَک میں کنگھی کرتے تھے اور اکثر سرِ مبارَک پر کپڑا (یعنی سَر بَنْد شریف) رکھتے تھے یہاں تک کہ وہ کپڑا تیل سے تر  ہو جاتا تھا۔(اَ لشَّمائِلُ ا لْمُحَمَّدِیَّۃ،ص۴۰ ،حدیث:۳۲)٭سَر اور داڑھی کے بال صابُن وغیرہ سے دھونے کا جن کا معمو ل  نہیں ہوتا اُن کے بالوں میں اکثر بَدْ بُو ہو جاتی ہے خود کو اگر چِہ بَدْبُو نہ آتی ہو مگر دُوسروں کو آتی ہے۔ مُنہ،بالوں ،  بدن اور لِباس وغیرہ سے بَدبُو آتی ہو اِس حا ل میں مسجِد کا داخِلہ حرام ہے کہ اِس سے لوگوں اور فِرِشْتوں کو تکلیف ہوتی ہے۔ ہاں!بَدبُو ہو مگر چُھپی ہوئی ہو جیسے بغل کی بَدبُوتو اِس میں حَرَج نہیں۔٭بالوں میں تیل کا بَکثرت اِسْتِعمال خُصوصاً اَہلِ عِلْم حضرات کے لئے مُفید ہے کہ اِس سے سَر میں خشکی نہیں ہوتی، دِماغ تَر اور حافِظَہ قَوِی ہوتا ہے۔(جامع صغِیر، ص۲۸،حدیث ۳۶۹) ٭حدیث ِ پاک میں ہے:جو بِسْمِ اﷲ پڑھے بغیر تیل لگائے تو 70 شَیَاطِیْن اُس کے ساتھ شَرِیک ہو جاتے ہیں۔(عَمَلُ الْیَوْمِ وَاللَّیْلَۃِ، ص۳۲۷ ،حدیث: ۱۷۳) ٭تیل ڈالنے سے پہلےبِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْمپڑھ کر اُلٹے ہاتھ کی ہتھیلی میں تھوڑا ساتیل ڈالئے ، پھر پہلے سیدھی آنکھ کے اَبْرُ و پر تیل لگائیے پھر اُلٹی کے، اِس کے بعد سیدھی آنکھ کی پلک پر،پھر اُلٹی پر،  اب سَر میں تیل ڈالئے  اور داڑھی کوتیل لگا ئیں تو نچلے ہونٹ اور ٹھوڑی کے درمیانی بالوں سے آغاز کیجئے، ٭سَرسوں کا تیل ڈالنے والا ٹوپی یاعِمامہ اُتارتا ہے تو بعض اوقات بَد بُو کا بھَپْکا نکلتا ہے لہٰذا جس سے بن پڑے وہ سَر میں عُمدہ خوشبو دار تیل ڈالے۔ خوشبو دار تیل بنانے کا ایک آسان طریقہ یہ بھی ہے کہ کھوپرے کے تیل کی شیشی میں اپنے پسندیدہ عطرکے چند قطرے ڈال کر حل کر لیجئے،خوشبو دار تیل تیّار ہے۔٭