Book Name:Hazrat-e-Isa Ki Mubarak Zindagi

آپعَلَیْہِ السَّلَامکےالقاب ہیں۔ (تذکرۃ الانبیاء، ص۶۵۵) اَلْحَمْدُ لِلّٰہعَزَّ  وَجَلَّ ہمارے پیارے نبی،مکی مَدَنی صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے حضرت عیسٰی عَلَیْہِ السَّلَام کی شان و عظمت کو انتہائی شاندار انداز میں بیان فرمایا اور قُربِ قیامت میں آپ عَلَیْہِ السَّلَام کے تشریف لانے اور اس کی علامات کو بھی بیان فرمایا  ہے۔آئیے!حُصولِ بَرَکت کے لئے3 فَرامِیْنِ مُصْطَفٰے صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سُنتے ہیں،چُنانچہ

اِرْشاد فرمایا:میں اپنے باپ حضرت اِبراہیم عَلَیْہِ السَّلَام کی دُعا ہُوں اور سب سے آخِرْ میں میری خُوشْ خَبَری دینے والے حضرت عیسٰی اِبنِمَرْیَم عَلَیْہِ السَّلَام  تھے۔(کنزالعمال،کتاب الفضائل،فضائل  نبینا محمد الخ، ۱۱/۱۸۲،حدیث: ۳۱۸۸۶   )

اِرْشاد فرمایا:میرے اور حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کے دَرمیان کوئی نَبِی نہیں،وہ(قُرْبِ قِیامت میں آسمان سے) اُتریں گے،جب تم اُنہیں  دیکھو گے تو پہچان لوگے،اُن کا رَنگ سُرخِی آمیز سَفید ہو گا ،قَد دَرمِیانہ ہو گا،وہ ہلکے پیلے رَنگ کےدو(2)حُلّے(لِباس)پہنے ہوئے ہوں  گے،اُن پر تَرِی نہیں  ہوگی لیکن گویا اُن کے سَر سے پانی کے قَطرے ٹپک رہے ہوں  گے،وہ خِنْزِیر کو قَتْل کریں  گے،اللہ تعالیٰ اُن کے زَمانے میں اِسلام کے عِلاوہ باقِی تمام مَذاہِب کو مِٹا دے گا،حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام مَسِیْح دَجَّال کو ہَلاک کریں  گے،چالیس(40)سال زمین میں قِیام کرنے(ٹھہرنے) کے بعد وَفات پائیں  گے اور مُسَلمان  اُن کی نَمازِ جَنازہ پڑھیں گے۔ (ابوداود،اول کتاب الملاحم، باب ذکر خروج الدجال،۴/۱۵۸،حدیث: ۴۳۲۴ ملتقطاً)

اِرْشادفرمایا:اللہ تعالیٰ حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَامکو بھیجےگاتو وہ جامِع مسجِد دِمَشْق کےسَفید مَشْرِقِی مَنارے پر اِس حال میں اُتریں  گےکہ آپعَلَیْہِ السَّلَام  نے ہلکے پیلے رنگ کے دو حُلّے(لِباس)پہنے ہوں  گے اور آپ عَلَیْہِ السَّلَام نے دو(2) فِرِشْتوں  کے بازوؤں  پر ہاتھ رکھے ہوں  گے،جب آپعَلَیْہِ السَّلَام سَر نیچاکریں  گے توپانی کے قَطرے ٹپک رہے ہوں  گے اور جب آپعَلَیْہِ السَّلَام سَر اُٹھائیں گے تو موتیوں  کی طرح سَفید چاندی کے دانے جَھڑ رہےہوں گے۔(مسلم،کتاب الفتن واشراط الساعۃ،باب ذکر الدجالالخ،ص۱۲۰۱، حدیث: ۷۳۷۳، ملتقطاً)