Book Name:Buri Sohabat Ka Wabal

ہلاکت و بربادی کا سبب اور بُری صحبت میں  رہنے والے نادانوں کا  کس قدر بھیانک اَنْجام ہوتا ہے۔بِلا شُبہ بُری صحبت انسان کو کہیں کا نہیں چھوڑتی،بُرے لوگوں کی صحبت میں بیٹھناگویاآفتوں،بلاؤں اور مصیبتوں کے دروازے کھول دیتا ہے ۔بسا اوقات یہی بُرے  دوست اپنےفائدے  کی خاطر اپنے ہی ساتھیوں کے جانی دشمن بن  کر ان سے جینے کا حق  چھین  لیتے ہیں اور انتہائی اذیّت  کے بعد موت کے گھاٹ  اُتار دیتے ہیں اور یوں بُرے دوستوں کی صحبت میں رہنے والے معاشرے  میں نشانِ عبرت بن جاتے ہیں۔  ابھی ہم نے جواریوں کی صحبت میں رہنے والے شخص کی عبرت ناک موت  کی حکایت سُنی، ہمیں چاہیے  کہ بُرے دوستوں بالخصوص جواریوں کی صحبتِ بد سے دُورہیں  کہ جُوئے کی آفت  میں مبتلا  افراد اپنی  محنت سے کمائی ہوئی  ساری جمع پونجی لُٹانے کے ساتھ ساتھ کثیر نُقصانات   کا سامناکرتے ہیں، جیساکہ

جُوئے کے دنیوی نقصانات

تفسیر صِراط ُالجنان  جلد3صفحہ  24پر ہے کہ(1) جُوئے کی وجہ سے جُوئے بازوں میں بُغْض، عداوت اور دشمنی پیدا ہو جاتی ہے اور بسا اوقات قتل و غارت گری تک نوبت پہنچ جاتی ہے۔(2) جُوئے بازی کی وجہ سے مالدار انسان لمحوں میں غُربت و اَفلاس کا شکار ہو جاتا ہے، خُوشحال گھر بدحالی کا نظار ہ پیش کر نے لگتے ہیں ، اچھا خاصا آدمی کھانے پینے تک کا محتاج ہو کر رہ جاتا ہے ، معاشرے میں اس کا بنا ہو اوقار ختم ہو جاتا ہے اور سماج میں اس کی کوئی قدرو قیمت اور عزّت باقی نہیں رہتی۔(3) جُوئے باز نفع کے لالچ میں بکثرت قرض لینے اورکبھی کبھی سُودی قرض لینے پر بھی مجبور ہو جاتا ہے اور جب وہ قرض ادا نہیں کر پاتا یا اسے قرض نہیں ملتا تو وہ ڈاکہ زَنی اور چوری وغیرہ میں مبُتلا ہو جاتا ہے، حتّٰی کہ جُوئے بازچاروں جانب سے مصیبتوں میں ایساگِھر جاتا ہے کہ بالآخر وہ خود کشی کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے

 (صراط الجنان،۳/۲۴)